کولکاتہ، 28نومبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج خبردار کیا کہ نوٹ بندی کے خلاف وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہرمظاہرہ کریں گی اور کہا کہ اگر زیادہ قیمت والی نوٹ بندی واپس نہیں لی جاتی ہے تو وہ انہیں اقتدار سے ہٹا دیں گی۔انہوں نے یہاں ایک ریلی میں کہا کہ پورا ملک متاثر ہو رہا ہے، بینک، اے ٹی ایم میں پیسے نہیں ہیں۔نوٹ بندی سے ہوئی پریشانیوں کی وجہ سے ابھی تک 80افراد کی جان جا چکی ہے لیکن نریندر مودی گہری نیند میں سو رہے ہیں اور ملک کو کیش لیس معیشت کی طرف لے جانے پر لیکچر دے رہے ہیں۔کالج چوک سے اسپلینڈ تک احتجاجی مارچ کے بعد بنرجی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں زیادہ تر لوگوں کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں،وہ اس صورت حال سے کیسے نمٹیں گے؟۔مودی کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ عوام مخالف فیصلے کے خلاف وہ آخر تک لڑیں گی جس نے ملک میں غیر اعلانیہ اقتصادی ایمرجنسی لگا دی ہے۔بنرجی نے کہا کہ میں اس وقت تک نہیں رکوں گی جب تک کہ اس فیصلے کو واپس نہیں لے لیا جاتا ہے،میں نے اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے حل بھی بتائے ہیں لیکن مرکز نے قبول نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی ان کی مخالفت کرتا ہے، ان کی آواز دبانے کے لئے وہ سی بی آئی،ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس کو بھیج دیتے ہیں لیکن وہ میری آواز نہیں دبا سکتے،میں پھر دہلی جاؤں گی اور اس آواز اٹھاؤں گی، احتجاجی مارچ نکالوں گی اور ضرورت پڑنے پر مودی کے گھر کے باہر مظاہرہ کروں گی،میں اس وقت تک نہیں رکوگی جب تک وہ اقتدار سے نہیں ہٹ جاتے۔